آج صبح گھر سے نکلا تو شاہراہِ فیصل پر جابجا بینر لگے دیکھے جن کے مطابق کے ای ایس سی یعنی کراچی الیکٹرک سپلائے کارپوریشن نے اپنا نام بدل کر ’کے ای‘ یعنی کراچی الیکٹرک رکھ لیا ہے۔ تاہم یہ اعلان اُن روایتی اعلانات و اشتہارات کی طرح نہیں تھا کہ ’میں مسمات کے ای ایس سی اپنا نام تبدیل کرکے کے ای رکھ رہی ہوں۔ چنانچہ مجھے آئندہ اسی نام سے پکارا اور لکھا جائے۔‘
لیکن کیا نام تبدیل کرنے سے کارکردگی پر بھی کوئی خاطر خواہ اثر پڑے گا؟ اُمید ہے کہ نام تبدیل کرنے کا یہ معاملہ کسی ایسے جوتشی یا نجومی کے کہنے پر انجام پذیر نہیں ہوا ہوگا جس نے یوسف خان کو دلیپ کمار بنایا ہو یا انو ملک کو ملک کے ہجے تین K سے کرنے کا مشورہ دیا ہو۔ البتہ اس عمل سے کے ای ایس سی کے ای کے پیشِ نظر چند امکانات ضرور ہوسکتے ہیں۔ مثلاً:
- ’کے ای‘ جیسے مختصر نام کا اپنا ہی بھرم ہے اور یہ بجلی کے عالمی اِداروں جیسے ’جی ای‘ (جنرل الیکٹرک)، ’ایچ ای‘ (ہیلکس الیکٹرک) وغیرہ جیسا لگتا ہے۔
- کراچی الیکٹرک سپلائے کارپوریشن اب صرف کراچی الیکٹرک ہے۔ آپ کے پاس اس الیکٹرک کی سپلائے پہنچے یا نہ پہنچے، ادارہ ذمہ دار نہیں۔ نہ ہی آپ ادارے کو شکایت کرسکتے ہیں۔
- عوام کو چونکہ ’کے ای ایس سی‘ کا نام لے کر کوسنے اور گالیاں دینے کا عادت پڑی ہوئی ہے تو ابھی کچھ عرصے تک وہ ’کے ای ایس سی‘ ہی کو کوسیں گے اور ’کے ای‘ عوام کی گالیوں اور کوسوں کی نحوست سے کوسوں دور رہے گی۔
مجھ جیسے عام انسان کی سمجھ میں جب نام تبدیل کرنے کے اتنے فائدے آسکتے ہیں تو عالی دماغ صاحبانِ اعلا نے نہ جانے کن کن پہلوؤں پر غور و فکر کے بعد یہ فیصلہ کیا ہوگا۔
روابط:
پسِ نوشت:
ایک گستاخی کرنا چاہتا ہوں۔ شہر بھر میں نام کی تبدیلی کا اشتہار لگانے پر لاکھوں روپیہ خرچ کیا گیا ہوگا۔ اس کی بجائے اگر بجلی کے بِل پر ہی اس بات کا اعلان کردیا جاتا تو بچت نہیں ہوسکتی تھی؟
گستاخی کی معافی چاہتا ہوں۔ غریب آدمی ہوں، چھوٹی بات کر ہی دیتا ہوں۔
میں نے آج غور کیا ان ہورڈنگز پر۔۔۔
ReplyDeleteویسے آخری فائد باقی سب فوائد پر بھاری ہے :D
ہاہاہا :ڈ
Deleteبجا ارشاد کیا محترم آپ نے۔
ReplyDeleteنہ جانے نام بدلنے کے پیچھے کیا منطق ہے، غالباً نام بدلنے کے پیچھے "بدنامی" سے جان چُھڑانے کی کوشش ہی ہوگی۔ سچ کہا اشتہاروں پر پیسہ ضائع کیا گیا، شاید یہ اشتہار بازی حکومتی اور چندے پر چلنے والے ویلفئر ٹرسٹ سے مرعوب ہو کر کی گئی ہے۔
اپڈیٹ کا شکریہ بدعاؤں کی عبارت میں تبدیلی کی کوشش کریں گے۔
ویسے اشتہار بازی کے زمرے میں آج شہر میں الہ دین پارک کے سامنے کچھ نئی گل افشانیاں بھی نظر آئیں۔ نئی ہورڈنگز پر بابائے قوم کا نام دیا گیا ہے لیکن تصویر کسی اور کی ہے۔
ارے، آپ اتنی جلدی بددعاؤں میں تبدیلی کریں گے تو پھر بے چاروں کا نام بدلنا تو بے کار جائے گا۔۔۔ :)
Deleteاور جن ہورڈنگز کا آپ نے ذکر کیا ہے، اُنھیں اب تک دیکھنے سے قاصر رہا ہوں۔ اگر ہوسکے تو میری آنکھوں کو ان کے دیدار سے مشرف فرمائیے۔ :)
لو جی آپ سمجھے ہی نہیں ہیں ۔ انہوں نے "سپلائی کارپوریشن" کی ایس سی کاٹ دی ہے ۔ اب سپلائی بھول جائیں :)
ReplyDeleteاُنھوں نے بلا وجہ زحمت کی۔ ہم تو پہلے ہی بھول گئے ہر بات مگر۔۔۔ :)
Deleteکارپوریشن کو کمپنی پڑھا جائے ۔
ReplyDeleteکوسنوں والی بات بھی درست لگتی ہے اور سپلائی والی بات تو ہے ہی۔
ReplyDeleteبجلی کے بل پر اس لیے اشتہار نہیں لگایا کہ میرے جیسے لوگ بجلی کا بل دیکھنے کی سکت ہی نہیں رکھتے۔
بل دیکھ لیا کریں جناب۔ ورنہ وہ کہیں گے کہ لوگ تو ہمارا بل دیکھتے تک نہیں، بھریں گے کہاں۔۔۔ جبھی تو ادارہ خسارے میں جا رہا ہے۔ :ڈ
Delete