Typo Errors on BBC Urdu

یوں تو بی بی سی عالمی سطح پر ایک مؤقر اور معروف ادارہ ہے جس کی خبر ایک نمایاں مقام کی حامل ہوتی ہے؛ تاہم بی بی سی اردو کی صورتِ حال خود اردو زبان کی موجودہ حالت سے کچھ زیادہ مختلف نہیں۔ حال آں کہ یہ ادارہ صحافتی کورسز بھی کرواتا رہا ہے اور چند سال قبل صحافیوں کی رہنمائی کے لیے ایک علاحدہ ویب سائٹ کالج آف جرنلزم بھی شروع کی گئی ہے، لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ خود اس کے مدیران بھی طے شدہ اصولوں پر عمل نہیں کر رہے ہیں۔
جہاں تک مجھے یاد پڑتا ہے، چند سال پہلے تک بی بی سی اردو پر ایسی غلطیاں دیکھنے میں نہیں آتی تھیں لیکن اب نہ جانے یہ شعبہ کس کے حوالے ہے۔ ذیل کی تصویر میں ایک مثال دیکھیے:


یہ تصویر مورخہ ۲ اگست ۲۰۱۳ء کی خبر ’’عدلیہ کی آزادی کے لیے قربانیاں دی ہیں‘‘ سے لی گئی ہے۔ خود اس کی سرخی میں ’’دی ہیں‘‘ کی بجائے ’’دیں ہیں‘‘ لکھا گیا ہے۔ خبری غلطیوں سے قطع نظر، اردو املا کی اغلاط ہی ملاحظہ ہوں۔ ایک ہی پیراگراف میں غلطیوں کی بھرمار مدیران کی آنکھیں کھول دینے کے لیے کافی ہے، جہاں کٹہرے کو کٹھرے، معذرت کو معدزت، رفع دفع کو رفا دفا، مطابق کو مظابق، معافی کو مافی اور بالآخر کو بل آخر لکھا گیا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ ہماری قوم کا نالائق ترین شخص اردو لکھ رہا ہو۔

Comments