سازشیں ایوری وھیئر

کچھ احباب کو ہر جگہ سازشیں ہی نظر آتی ہیں۔ سازشیں ایوری وھیئر :) یہ تحریر ایسے ہی سازشی احباب کی نذر

صاحبو! یہ بات یقیناً ہر ذی عقل و ذی شعور پاکستانی کے علم میں ہے کہ قیامِ پاکستان کے وقت ہی سے یہودیوں اور قادیانیوں کی سازشیں مسلمانوں کو نقصان پہنچانے کے درپے رہی ہیں۔ ہمارے دشمن پڑوسی بھارت نے کبھی سچے دل سے پاکستان کو تسلیم نہیں کیا۔ یہ ایک کڑوی حقیقت ہے کہ قادیانیوں نے پاکستان دشمن عناصر کو ہمیشہ اپنی خدمات فراہم کیں اور مختلف حیلے بہانوں اور دھوکا دہی سے پاکستان کے سادہ لوح عوام کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔
آج جب ہم پاکستان کی صورتِ حال پر نظر ڈالتے ہیں تو ہمیں بے حد افسوس ہوتا ہے لیکن ہم اصل خطرے کا اندازہ کرنے سے قاصر رہتے ہیں۔ ہمارا میڈیا یہودیوں اور قادیانیوں کا آلہ کار بنا ہوا ہے۔ سوشل میڈیا کو انقلاب کا نام لے کر اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔ الیکٹرانک میڈیا کی طرح سوشل میڈیا کو بھی اپنا زرخرید غلام بنانے کے لیے یہودی و قادیانی لابی سرگرمِ عمل ہوچکی ہے۔ مختلف تصاویر اور پیجز کے ذریعے بے حیائی اور فحاشی پھیلائی جارہی ہے۔ غیر ملکی افراد اور یہودی ایجنٹوں کی سازشیں تو الگ، خود ہمارے ملک کی معروف شخصیات اپنے فیس بک صفحات پر انتہائی واہیات اور شرم ناک تصاویر اپ لوڈ کررہی ہیں (وینا ملک کا فیس بک صفحہ اس کی واضح مثال ہے)۔
دوستو! یہ سب کس کی سازش ہے؟ ہمیں سمجھنا پڑے گا اور ماننا پڑے گا کہ یہ سب یہودیوں اور قادیانیوں کی سازش کا نتیجہ ہے۔ آج مسلمان پوری دنیا میں ذلت و خواری اُٹھارہے ہیں، معاشی بحرانوں اور سیاسی بدامنی کا سامنا کررہے ہیں۔ یہ سب ہم ہی لوگوں میں موجود بھیڑیوں کے کارنامے ہیں جو ہم معصوم عوام کو استعمال کررہے ہیں۔ ہمارا بکاؤ میڈیا ہمیں وہ چیزیں دکھارہا ہے جو ہم اپنے گھر والوں کے ساتھ دیکھنا نہیں چاہتے (اکیلے دیکھنا چاہتے ہیں)۔
ہماری قوم ابھی پختگی کا سفر طے کررہی ہے۔ یہ آزادیِ اظہارِ رائے اور معلومات تک رسائی کی آزادی کے نام پر کبھی بلاگرز کی بندش پر احتجاج کرتی ہے تو کبھی یوٹیوب کی بندش پر۔ ہماری قوم کے ناسمجھ جذباتی نوجوانوں کے لیے بھارت نواز، قادیانی نواز، یہودی نواز، امریکہ نواز، برطانیہ نواز، کینیڈا نواز اور جتنے بھی نواز ہیں (بہ شمول نواز شریف) سے بڑھ کر اہمیت سوشل میڈیا کی آزادی کی ہے۔ یہ نہیں سمجھتے کہ یوٹیوب پر تو یہودیوں کی اجارہ داری ہے، گوگل بھی یہودیوں کا  ہے (اچھا؟ جبھی پاکستان کے بے شمار ایڈسینس کے اکاؤنٹ بند کرنے کی نان سینس حرکت کی گئی تھی)۔
صاحبو! ہمیں جلد یا بہ دیر سمجھنا پڑے گا کہ فیس بُک کے بانی کے قادیانیوں کے مرکز سے بڑے قریبی تعلقات ہیں۔ قادیانی شاعری، ادب  اور بلاگنگ کے نام سے لوگوں کو بے وقوف بنارہے ہیں۔
میں اپنی اس تحریر کے ذریعے وزیرِ اعظم پاکستان، صدرِ پاکستان، سربراہِ افواجِ پاکستان، اربابِ اختیار (ارباب بہن اور اختیار بھائی) سمیت تمام پاکستانی عوام سے گزارش کرتا ہوں کہ اپنے درمیان کالی بھیڑیں تلاش کریں اور اُن کی کھال کھینچ کر سوئیٹر بناکر پہن لیں۔ سردی کا موسم ہے، ٹھنڈ لگ جائے گی اور ممکن ہے کہ دماغ پر بھی چڑھ جائے (میری طرح)۔

Comments

  1. میں سمجھا تھا کہ طاہرالقادری یا الطاف حسین تقریر کر رہا ہے ۔ جب آپ نکلے تو مجھے تقریر کی سمجھ نہیں لگی کہ آپ کس کو کیا کہہ رہے ہیں ۔ ہوا جو میں دو جماعت پاس ناتجربہ کار

    ReplyDelete
  2. ایک بات میں نے کئی بار پوچھنا چاہی مگر رہ گئی ۔ آپ کا بلاگ کھولتے ہوئے یا تبصرہ شائع کرتے ہوئے جو دو گراریاں چلتی نظر آتی ہیں ۔ یہ مکینیکل انجیئرنگ کا نشان ہے ۔ اسے آپ نے کیوں قبضے میں کیا ہوا ہے ؟ آپ کہیں مکینکل انجئیر تو نہیں ؟

    ReplyDelete
  3. عمار بھائی آپ تو باقاعدہ سازشیں بے نقاب کرنے کی ڈیوٹی پر لگ گئے ہیں
    ایسے کام کی ہمت افزائی نہ کی جائے تو بندہ ڈھیلا پڑ سکتا ہے

    ReplyDelete
  4. افتخار اجمل صاحب!
    اب میں نے ابتدا ہی میں اس تحریر کی وضاحت کردی ہے۔ اور یہ گراریاں میں نے قبضے میں نہیں کیں بلکہ میرے بلاگنگ پلیٹ فارم کے قبضے میں ہیں :) میں کہاں کا انجیینیئر۔

    ناصر!
    بڑی مہربانی آپ کی :)

    ReplyDelete
  5. آہ۔۔۔۔۔۔
    حضرت آپکو کیا قادیانیوں سے ہمدردی ہے؟
    اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمیں کسی دوسرے دشمن کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ہم اس دنیا سے فنا کردیے جانے کی تمام شرائط کو پورا کر رہے ہیں۔
    لیکن جناب قادیانی سازشیں ایک مسلمۤہ حقیقت ہیں۔ جسکی وجہ سے پاکستان کے سیکیولر وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کو کہنا پڑا تھا کہ قادیانی پاکستان کے یہودی بننا چاہ رہے ہیں۔ اور اسی سیکولر وزیراعظم کی اسمبلی نے قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دلوایا تھا۔
    سازشی تھیوریاں ہوا میں تخلیق نہیں کی جاتیں۔ اگر میں آپکے گھر کے آگے روزانہ آدھا گھنٹہ آکر کھڑا ہو جاؤں تو تیسرے دن آپ بھی سازشی تھیوری گھڑنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

    ReplyDelete
  6. ڈاکٹر جواد احمد خان!
    نہیں جناب، نہ مجھے قادیانیوں سے ہم دردی نہ ان کی سازشوں سے انکار۔ لیکن ہمارے ہاں ایک عمومی رویہ تشکیل پاگیا ہے کہ جو کچھ بھی غلط ہوتا ہے، ہم بلاتحقیق اس کا الزام قادیانیوں یا یہودیوں کے سر دھر دیتے ہیں۔ قادیانیوں اور یہودیوں کی کل تعداد سے کئی گنا زیادہ مسلمان اگر ان اقلیتوں کے خلاف متحد اور مضبوط ہونے میں ناکام رہتے ہیں یا ان کے ہاتھوں نقصان اٹھاتے رہتے ہیں تو یقیناً یہ ان سے زیادہ ہمارا قصور ہے۔

    ReplyDelete

Post a Comment