طویل غیر حاضری کی مختصر داستان


یوں تو اگر میں اس مختصر داستان کو مختصر ترین بنانا چاہوں تو صرف ایک ہی جملے میں بیان کرسکتا ہوں کہ میری شادی ہوگئی ہے۔ باقی احباب خود سمجھ سکتے ہیں کیوں کہ اُردو بلاگران میں شادی شہدا کی تعداد اب خاصی ہوچکی ہے اور بڑے بڑے سرکردہ (سرپھرے؟) بلاگران شادی شہداؤں کی فہرست میں شامل ہیں؛ البتہ میں شاید اُن میں سب سے کم عمر ہوں گا یا پھر کم سِن شادی شدہ بلاگران میں سے ایک ہوں گا۔
شادی کے بعد پہلے تو میرا وقت ہی میرا وقت نہیں رہا، پھر میرا کمپیوٹر بھی میرے کمرے سے بے دخل ہوگیا، لہٰذا غیر حاضر رہنے کے علاوہ کوئی دوسرا نتیجہ کیسے نکل سکتا  تھا۔ اگر کسی وقت کوئی موضوع ذہن میں آئے تو لکھنے کا موقع نہ ملے اور لکھنے کا موقع ملے تو ذہن کی تختی صفاچٹ۔
شادی کرنے کے علاوہ جو آج کل میں کارہائے نمایاں انجام دے رہا ہوں، اُن میں ایک مقامی انسٹی ٹیوٹ میں کمپیوٹر کورسز (مائیکروسافٹ آفس اور گرافکس ڈیزائننگ) کی تدریس بھی شامل ہے۔ گو کہ مجھے اس انسٹی ٹیوٹ میں پڑھاتے ہوئے کوئی دس ماہ ہونے کو آئے ہیں لیکن ماشاء اللہ اب طلبہ کی تعداد خاصی بڑھ چکی ہے۔
لہٰذا روزمرہ معمول کچھ یوں ہوتا ہے کہ صبح جامعہ، وہاں سے فارغ ہوکر انسٹی ٹیوٹ اور پھر رات میں گھر۔ لہٰذا اگر میں ایک طرف بے حد کارآمد ہوں تو کچھ حد تک ناکارہ بھی ہوگیا ہوں۔ خواہش تو ہے کہ باقاعدگی سے بلاگ کرسکوں، لیکن
ہزاروں خواہشیں ایسی کہ۔۔۔

Comments

  1. شادی کی بہت بہت مبارک بھائی جان۔۔۔آپ کی غیر حاضری شدت سے محسوس ہوئی

    ReplyDelete
  2. شادی مبارک ہو ۔ جیسے ایک میان میں دو تلواریں نہیں سما سکتیں اسی طرح ایک کمرے میں بیوی اور اور کمپیوٹر بھی

    ReplyDelete
  3. شادی کی بہت بہت مبارک باد۔ بھوپال صاحب کا کمنٹ پڑھ کر محسوس ہو رہا ہے کہ شاید آپ کی بیگم کافی صحت مند واقع ہوئی ہیں ، تبھی کمرے میں کمپیوٹر رکھنے کی جگہ بھی نہیں بچی :)

    ReplyDelete
  4. شہادی پر مبارک باد قبول فرمائیں :) آپ کی تحاریر کی کمی واقعتاً محسوس ہوتی ہے گرچہ میں آپ کا کوئی ایسا مبصر نہیں ہوں پر ہر تحریر پڑھتا ضرور ہوں.. مجھے امید نہیں بلکہ یقین ہے کہ اب وہ پہلے جیسی روانی نہیں رہے گی.. :D

    ReplyDelete
  5. شادی مبارک بھائی جان۔۔۔۔۔۔۔۔

    ReplyDelete
  6. کوئی بات نہں شہزادے ہمیں تمہارے حالات کا اندازہ ہے۔لمبی غیر حاضریوں کو معاف کیا۔

    ReplyDelete
  7. سعود!
    بہت شکریہ۔

    افتخار اجمل بھوپال!
    شکریہ جناب۔ اور جی ہاں، واقعی ایک کمرے میں یہ دو چیزیں سمانا بڑا مشکل ہے۔ میرا حوصلہ ہے کہ میں نے دو مہینے تک اس کا انتظام کیے رکھا :)

    محمد زبیر چوہان!
    شکریہ۔۔۔ اور بھئی خیر سے ایسی بات بھی نہیں ہے :ڈ

    مکی!
    شکریہ اور آپ کے یقین کو عملی روپ دینے کی بھرپور کوشش کروں گا :ڈ

    وسیم رانا!
    شکریہ بھائی۔

    محمد شاکر عزیز!
    مہربانی ہے جناب کی :)

    ReplyDelete

Post a Comment