سی این جی اور ایک مہینے کی چھٹی

یہ اُن دنوں کی بات ہے جب پیٹرول اور ڈیزل کے مقابلے میں سی این جی خاصی سستی ہوا کرتی تھی۔ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرتا دھرتا صاحبان نے سوچا کہ جب پورے ملک ہی میں لوٹ مار مچی ہے تو وہ کیوں پیچھے رہیں؟ چناں چہ اُنھوں نے اپنی بسیں CNG پر کروالیں لیکن کرایہ ڈیزل کے حساب سے وصول کرتے رہے اور جب کبھی ڈیزل مہنگا ہوتا، بسوں کے کرایے میں اضافہ کردیتے۔ مسافر بے چارے کبھی احتجاج کرتے بھی تو اُنھیں یہ ٹکا سا جواب ملتا کہ ہم نے اپنے پیسوں سے CNG پر کروائی ہے، تمھارے باپ کی جیب سے پیسہ نہیں لیا ہے اور مسافر اپنا سا منہ لے کر رہ جاتے۔

پھر ملک میں غذائی اجناس اور بجلی کی قلت کے بعد گیس کا بحران اُٹھنا شروع ہوا۔ اب صورتِ حال یہ ہے کہ  ملک کے مختلف علاقوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر دو یا تین دن CNG بندش رہتی ہے۔کراچی میں ہر ہفتے دو دن سی این جی بند ہوتی ہے۔ اُن دو دِنوں سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ معمول سے کافی کم ہوجاتی ہے اور لوگوں کو آمد و رفت میں خاصی دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایسے میں وفاقی وزیرِ پیٹرولیم کا بیان سامنے آیا ہے کہ کراچی سمیت پورے صوبۂ سندھ میں مہینے بھر کے لیے سی این جی بند کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ جناب نے اس بارے میں ارشاد نہیں فرمایا کہ کیا اس پورا مہینے سندھ میں عام تعطیل کا اعلان کیا جائے گا؟ پہلے پہل تو خوب شور مچاکر سی این جی گاڑیوں اور رکشوں کو فروغ دیا گیا۔ اب سی این جی بند کرکے حکومت کراچی کو کس سمت دھکیلنا چاہتی ہے؟ اگر گیس کی کمی اسی قدر زیادہ تھی تو اُس وقت ہوش کے ناخن کیوں نہ لیے جب بس مالکان اپنی گاڑیاں سی این جی پر منتقل کرکے ڈیزل کی بنیاد پر کرایہ بٹور رہے تھے؟

اِن دِنوں جب ہفتے میں دو دن کے لیے سی این جی بند ہوتی ہے تو سڑکوں پر بسوں کے انتظار میں کھڑے لوگوں کا ہجوم نظر آتا ہے۔ مہینے بھر کی بندش ہوئی تو کیا ہوگا؟ کیا حکومت متبادل گاڑیاں چلائے گی؟ یا حکومت کو اپنی غرض ہے، عوام جائے بھاڑ میں۔

Comments

  1. آپ کا بلاگ یونیک ہے۔

    ReplyDelete
  2. کراچی میں 70 فیصد پبلک ٹرانسپورٹ اس وقت سی این جی میں منتقل ہو گئی ہے سی این جی کی بندش کی وجہ سے سی این جی سے چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ چلنے سے قاصر تو ہونا ہی پڑ گا۔صوبہ سندھ سے ستر فیصد گیس نکلتی ہے اس کے باوجودمہینے بھر کے لیے سی این جی
    بندش کیوں۔

    ReplyDelete
  3. ہمارے استاد صاحب کہا کرتے تھے کہ وقت اپنے آپ کو دہراتا ہے ۔ میرے خیال سے انکی بات سچی ہےا ور تانگے دوبارہ دیکھنے کو ملا کریں گے ۔

    ReplyDelete
  4. @عامر وحید: بہت شکریہ برادر۔

    @فرحان دانش: صوبۂ سندھ سے ستر فی صد گیس نکلتی ہے؟ واقعی؟ اس بارے میں کوئی ربط ہو تو بتاؤ۔ اب تک تو ہم سوئی گیس کا ہی سنتے آئے ہیں۔

    @انکل ٹام! میرے خیال میں اتنے سخت حالات بھی سامنے نہیں آنے والے ان شاء اللہ :) تاریخ صرف ہمارے ہاں ہی اپنے آپ کو دھرانے کیوں جارہی ہے؟

    ReplyDelete

Post a Comment