انگریزی کا لفڑا

ان دنوں ہمارے چند ہم جماعت ساتھیوں کو جو سب سے زیادہ پریشان کن مسئلہ درپیش ہے وہ انگریزی سے ناواقفیت کا ہے اور وہ اس سے سب سے زیادہ متاثر ’’ماحولیاتی سائنس‘‘ (Environmental Science) کا مضمون پڑھتے ہوئے ہوتے ہیں۔ فاضل معلمہ اگرچہ سمجھانے کی کافی کوشش کرتی ہیں لیکن انگریزی اصطلاحات اور دیگر انگریزی الفاظ کے کثرتِ استعمال کے باعث مضمون اُن طلبہ کے سر پر سے گزر جاتا ہے جو اردو زبان میں تعلیم حاصل کرتے آئے ہیں۔ گو کہ اُن کی تعداد زیادہ نہیں مگر بہ ہر حال ہیں تو سہی؛ مزید یہ کہ معلمہ جو تحریری مواد فراہم کریں وہ بھی انگریزی میں۔ آخرکار حل یہ نکلا کہ طلبہ کا ایک گروہ اُن کے فراہم کردہ تحریری مواد کو اردو میں ترجمہ کرے اور اس پروجیکٹ/ اسائنمنٹ پر کام کرنے والے طلبہ کو اُن کی کارکردگی پر بیس میں سے کچھ نمبرز دیے جائیں۔ یہاں تک تو خیر جیسے تیسے کہانی پہنچ گئی۔ (ایک طالبہ انگریزی نوٹس کو گوگل ٹرانسلیٹ سے ترجمہ کروالائی اور مجھے کہا کہ بس اس کی ترتیب تھوڑی خراب ہے، اسے ٹھیک کردیں۔ :P میں نے بہ ہر حال انکار نہیں کیا۔)

اصل لفڑا شروع ہوا مڈٹرم ٹیسٹ (Midterm Test) سے جب معلمہ صاحبہ نے پورا پرچہ انگریزی میں تھمادیا جس کا ایک حصہ معروضی سوالات اور دوسرا بیانیہ سوالات پر مشتمل تھا۔ اس پرچے کی نہ تو اردو نقل فراہم کی گئی نہ ہی اُس کا ترجمہ بتایا گیا بل کہ جب طلبہ نے درخواست کی کہ سوالات کا اردو ترجمہ بتادیں تو اُنھیں سختی سے جھڑک دیا گیا۔نتیجہ آپ خود تصور کرسکتے ہیں کہ کتنا اچھا ٹیسٹ ہوا۔ کس سے منصفی چاہیں!

Comments

  1. ایک ربط ملاحظہ کیجیے ، ہو سکتا ہے آپ کے کام کا ہو.
    ماحولیاتی تعلیم اردو زبان میں:
    http://iucn.org/about/union/secretariat/offices/asia/asia_where_work/pakistan/publications/pub2007/pub_ptcman.cfm

    ReplyDelete
  2. برداشت سے کام لینگے تو برداشت کرنا سیکھ بھی جائینگے ۔

    ReplyDelete
  3. تو کیا جامعہ کراچی کا "میڈیم آف انسٹرکشن" اردو ہے جو انگریزی میں اسباق پر اتنا اعتراض ہے؟

    ReplyDelete
  4. بھائی، بہت شکریہ اس مفید ربط کا. یہ بے حد مددگار رہے گا.

    ReplyDelete
  5. نہیں، جامعہ کراچی میں میڈیم آف انسٹرکشن کے حوالے سے میں نے زیادہ سختی نہیں دیکھی، خاص کر آرٹس فیکلٹی میں اساتذہ دونوں زبانوں ہی میں پڑھاتے ہیں اور نوٹس وغیرہ بھی عمومآ دونوں زبانوں میں فراہم کرتے ہیں تاکہ طلبہ اپنی آسانی کے حساب سے سمجھ سکیں.

    ReplyDelete
  6. السلامُ علیکم بھائی
    یہی تو خرابی ہے ہمارے ایجوکیشن نظام میں کہ سرکاری سکولوں میں میٹرک تک اردو نصاب رائج ہے. اور جیسے ہی بچے ایف ایس سی میں آتے ہیں تو انگریزی نصاب شروع ہوجاتا ہے تو پھر تو ان بے چاروں کی مت ہی ماری جانی ہے اور کیا . اور ہرکوئی پرائیویٹ سکولز افورڈ نہیں کرسکتا

    ReplyDelete
  7. وعلیکم السلام۔
    بجا فرمایا آپ نے۔ تعلیمی حوالے سے کافی کام کرنے کی ضرورت ہے۔

    ReplyDelete
  8. ماحولیاتی سائنس اورانگلش میں ،وہ بھی پاکستان میں.........دھت تیرے کی کر دیا ناں سارے ماحول کا ستیا ناس.

    ReplyDelete
  9. جب میں میٹرک کے بعد کالج میں آیا تھا تو کچھ انہی مشکلات کا سامنا تھا۔

    اور ہاں ، یہ بلاگ تھیم بہتر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

    ReplyDelete
  10. عثمان!
    بلاگ تھیم میں کہاں مسائل ہیں؟

    ReplyDelete

Post a Comment