Urdu Master

ہر بار سوچتا ہوں کہ بہت سے کام اپنے سر لے چکا، اب کسی نئے منصوبے کا حصہ نہیں بنوں گا لیکن پھر کسی ایسے منصوبے کا خیال آجاتا ہے جس پر کام کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت محسوس ہونے لگتا ہے اور میں ناں، ناں کرتے ہوے بھی اللہ کا نام لے کر وہ کام شروع کردیتا ہوں۔ نتیجہ یہ نکلا ہے کہ فورمز پر آنا جانا اب براے نام رہ چکا ہے۔

کافی عرصہ سے میرے دماغ میں ایک خیال کلبلا رہا تھا۔ ایک وقت تک تو اسے دبائے رکھا لیکن کب تک۔۔۔ بالآخر ساجد اقبال سے بات کی۔ انہوں نے اس منصوبے کی پرزور تائید کی اور ہم نے چٹ منگنی، پٹ بیاہ جیسی تیزی دکھاتے ہوے ڈومین رجسٹر کروایا، ہوسٹنگ لی، تھیم پسند کرکے اسے اردو میں ڈھالا اور لگ گئے۔

سوچا تھا، عید پر اس منصوبے کا افتتاح کردیں گے لیکن بیڑا غرق ہوگیا تھیم کا۔ اس میں کوئی بگ تھا۔ تجربات کرتے کرتے سب کچھ اڑاکر دوبارہ سے کام شروع کیا۔ عید کے بعد تھیم نے دوبارہ گڑبڑ کردی لیکن اس بار بگ دور کرنے کا طریقہ مل گیا اور ساجد اقبال کی تیکنیکی مہارت نے مسئلہ حل کردیا۔

آج ہم اردو ماسٹر ڈاٹ کام کا افتتاح کرنے جارہے ہیں۔ اردو ماسٹر ڈاٹ کام پر آپ پڑھیں گے تیکنیکی حوالہ سے اسباق، مضامین، تھیمز اور پلگ۔انز کے بارے میں معلومات اور بہت کچھ۔ ہمارا پہلا خیال سائٹ کو صرف ورڈ پریس تک محدود رکھنے کا تھا لیکن پھر ہم نے اس کا دائرہ کار وسیع کرنے کا فیصلہ کیا۔ ابھی ہم ورڈ پریس سے شروع کررہے ہیں اور آہستہ آہستہ دوسرے عناوین پر بھی مضامین اور اسباق پیش کیے جائیں گے۔

ہمیں امید ہے کہ ہمیں پُرخُلوص دوستوں، ساتھیوں، قارئین اور ماہرین کا تعاون حاصل رہے گا۔ اگر آپ بھی اس منصوبے میں اپنا حصہ ملانا چاہتے ہیں تو ہم سے میل ایٹ اردو ماسٹر ڈاٹ کام پر رابطہ کریں۔ آپ کے مضامین، تجاویز، آراء اور مفید مشوروں کا خیر مقدم کیا جائے گا۔

Comments