Preface

آج یکم شوال 1429ھ ہے۔ عید الفطر کا پہلا دن۔ تمام دنیا کے مسلمانوں میں یہ دن اللہ تعالٰی کی جانب سے دعوت کی خوشی کے طور پر منایا جاتا ہے۔ لیکن میرے اور میرے گھر والوں کے لیے یہ دن ایک اور سبب کے باعث بھی یادگار ہے۔ آج سے بائیس سال پہلے عید الفطر کے اول روز (یکم شوال 1407ھ، بروز جمعۃ المبارک) میں نے اس فانی دنیا میں آنکھیں کھولی تھیں۔

بائیس سال بیت گئے۔ کیا کچھ دیکھا۔۔۔ کیا کچھ جانا۔۔۔ کیا کیا سیکھا۔۔۔ لیکن اب بھی ایسا لگتا ہے کہ کچھ بھی علم نہیں۔ ہر شے میں اپنائیت کے ساتھ ساتھ اجنبیت ہے۔ کون جانے کہ زندگی میں کتنے لمحات باقی بچے ہیں۔ آج بائیس سال پورا ہونے پر میرا ایک سپنا حقیقت کا روپ دھار رہا ہے۔ میں اپنی ویب سائٹ پر بلاگ شروع کررہا ہوں۔ اللہ تعالٰی آغاز کی طرح انجام بھی مبارک کرے اور ہم پر ہمیشہ اپنی رحمت کا سایہ رکھے۔ آمین!

اس مقام تک پہنچنے میں کئی دوستوں نے میرا ساتھ دیا۔ کچھ نے اتفاق کیا اور کچھ نے اختلاف لیکن مجھے یقین ہے کہ کسی کی رائے کچھ بھی ہو، درحقیقت ان سب نے مجھے مخلصانہ مشورے دیے۔ ان سب کا بہت بہت شکریہ۔ خاص کر میرے ایک محسن کا کہ اگر انہوں نے اپنا تعاون اور مدد فراہم نہ کی ہوتی تو شاید میں یہاں نہیں ہوتا۔ جزاکم اللہ خیرا۔

سو، جناب! یہی میرے بلاگ کا ابتدائیہ ٹھہرا۔

Comments