The Shore of Programming - Ep 03

چند بنیادی باتیں 

گزشتہ سبق میں ہم نے جاوا اسکرپٹ کی مدد سے ایک سادہ سا روایتی پروگرام ’’ہیلو ورلڈ‘‘ تخلیق کیا تھا۔ اس سبق میں ہم ایک اور دلچسپ پروگرام لکھیں گے لیکن اُس سے پہلے کچھ بنیادی باتیں سمجھنا ضروری ہے۔
ویب براؤزنگ کی دنیا میں جاوا اسکرپٹ ایک اسٹینڈرڈ اسکرپٹنگ لینگویج ہے۔ یعنی اگر آپ براؤزر کو نہ بھی بتائیں کہ ذیل میں آنے والا اسکرپٹ جاوااسکرپٹ ہے، تب بھی وہ اُسے سمجھ لیتا ہے۔ ایک ویب صفحے میں اسکرپٹ شامل کرنے کے دو بنیادی طریقے ہوتے ہیں۔ اوّل یہ کہ ویب صفحے ہی میں اسکرپٹ کوڈ لکھ دیا جائے؛ دوسرا یہ کہ ایک الگ فائل میں اسکرپٹ لکھا جائے اور اس فائل کو ویب صفحے سے نتھی کردیا جائے۔ ہم نے گزشتہ سبق میں دوسرا طریقہ ہی استعمال کیا تھا۔
آپ چاہے اسکرپٹ کو ویب صفحے میں شامل کریں یا الگ فائل میں رکھ کر اُسے ویب صفحے سے منسلک کریں، دونوں صورتوں میں اسکرپٹ کو ویب صفحے میں شامل کرنے کا معیاری طریقہ ایک ہے۔ یعنی اسکرپٹ یا تو ہیڈ ٹیگ کے اختتام </head> سے بالکل پہلے لکھا جائے گا یا پھر باڈی ٹیگ کے اختتام </body> سے پہلے۔ دونوں صورتوں کے نتائج میں معمولی سا فرق ہے۔ پہلی صورت میں جب اسکرپٹ ہیڈ ٹیگ میں موجود ہوگا تو ویب صفحہ کھلنے سے پہلے ہی جاوا اسکرپٹ اپنا کام دکھائے گا اور دوسری صورت میں چوں کہ باڈی ٹیگ کے اختتام میں اسکرپٹ موجود ہوگا، اس لیے جب پورا صفحہ کھل جائے گا اُس کے بعد جاوا اسکرپٹ چلے گا۔
آگے بڑھنے سے پہلے ایک تجربہ کرلیں۔ ’ہیلو ورلڈ‘ پروگرام کی متعلقہ  HTML فائل میں جاوا اسکرپٹ کا ٹیگ باڈی ٹیگ ختم ہونے سے پہلے لگائیں۔ یعنی؛ اب HTML فائل کا کوڈ یہ لکھیں:

<!DOCTYPE html>
<html>
<head>
<title>
JavaScript
</title>
</head>
<body>
<p> A simple html web page </p>
<script src="hello.js"></script>
</body>
</html>
اور دونوں صورتوں کا معمولی مگر بنیادی فرق نوٹ کریں۔

ان پٹ اور آؤٹ پٹ

اگرچہ عام طور سے اِن پٹ (input) اور آؤٹ پٹ (output) کا تذکرہ کمپیوٹر سے منسلک ہوتا ہے لیکن درحقیقت یہ دونوں اصطلاحات عملی طور پر ہماری زندگی میں جابجا بکھری ہیں۔ آپ سوئچ بورڈ پر پنکھے کا سوئچ آن کرکے پنکھے کو بجلی کی اِن پٹ دیتے ہیں اور آؤٹ پٹ کے طور پر پنکھے کی موٹر چلتی ہے اور پنکھا گھومنے لگتا ہے؛ آپ کاغذ کو پھونک کی اِن پٹ دیتے ہیں اور کاغذ پھڑپھڑا کر آؤٹ پٹ دیتا ہے۔ اسی طرح آپ کمپیوٹر پر کام کرتے ہوئی کیبورڈ پر کوئی کنجی دباتے ہیں اور اسکرین پر وہی حرف آؤٹ پٹ کے طور پر اُبھرتا ہے۔
کمپیوٹر پروگرام بھی اِن پٹ اور آؤٹ پٹ ہی کا کھیل ہیں۔ آپ پروگرام کو حکم دیتے ہیں کہ وہ کوئی سوال پوچھے، کوئی ڈیٹا محفوظ کرے، کوئی نشان دے، اور جواب میں وہ ان ہدایات پر عمل کرتا ہے۔ آئیے؛ اِن پٹ اور آؤٹ پٹ کا منظر دیکھنے کے لیے جاوااسکرپٹ میں ایک مختصر دو سطری پروگرام لکھتے ہیں۔
اپنی موجودہ جاوا اسکرپٹ فائل کھولیں اور اُس میں موجود کوڈ کو مٹاکر درج ذیل کوڈ لکھیں:

var name = prompt ("What is your name?");
alert(“Hello, World!”);

اسے محفوظ کرلیں اور اپنی HTML فائل ویب براؤزر میں کھولیں۔ ایک پاپ اپ دریچہ ظاہر ہوگا اور پوچھا جائے گا What is your name? (آپ کا نام کیا ہے؟) جب آپ نام لکھ کر اوکے کریں گے تو اگلا دریچہ ظاہر ہوگا اور ہیلو کے ساتھ وہ نام لکھا ہوگا جو آپ نے پہلے درج کیا ہوگا۔
اس پروگرام میں اِن پٹ اور آؤٹ پٹ کے علاوہ دو نئی باتیں ہیں۔ ایک یہ کہ ہم نے پہلی سطر میں name ایک متغیر یعنی ویری ایبل (variable) تخلیق کیا ہے جو حاصل ہونے والے ڈیٹا/ ویلیو کو اپنے اندر محفوظ کرے گا اور دوسری یہ کہ اگلی سطر میں ہم نے جمع (+) کی علامت استعمال کرتے ہوئے ویری ایبل کی ویلیو ظاہر کروائی ہے۔ ویری ایبل کے بارے میں تفصیل ہم اگلے سبق میں پڑھیں گے۔
کوئی بھی پروگرام عموماً کوڈ کو اوپر سے نیچے اور بائیں سے دائیں پڑھتا ہے۔
-------------------------

اپڈیٹ:

پروگرامنگ سیکھنے کی اتنی کوشش کے بعد مجھے اس حقیقت کو تسلیم کرنے میں کوئی عار نہیں کہ پروگرامنگ میرا شعبہ ہرگز نہیں ہے۔ میں نمبروں، کوڈ اور فارمولے یاد رکھنے میں ناکام ثابت ہوا ہوں۔ مجھے افسوس ہے کہ اس سلسلے کی مزید کوئی قسط شائع نہیں ہوگی۔

Comments