LinuxMint16 Petra - Part 4

چوتھی قسط: ترتیبات

پچھلی تحاریر میں ہم لینکس منٹ کی تنصیب مکمل کرچکے تھے۔ اب کچھ ترتیبات سے تعارف کرلیتے ہیں۔

5۔ ابتدائی لوازمات:

جب آپ تنصیب کے بعد پہلی بار لینکس منٹ چلائیں گے تو خوش آمدیدی اسکرین نمودار ہوگی۔


[تصویر: 5.1- ویلکم اسکرین]

اس میں بنیادی معلومات کے لیے روابط موجود ہیں۔ اگر آپ ان میں سے کچھ دیکھنا چاہتے ہیں تو اُس پر کلک کرکے کھول لیں ورنہ Close کردیں۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ ہر بار لینکس کھولنے پر آپ کے سامنے یہ اسکرین نہ آئے تو show this dialog at startup کو غیر منتخب کرکے Close کریں۔

منیو

ڈیسک ٹاپ کے نچلی بائیں جانب منیو ہے۔ اس منیو میں ونڈوز ایکس پی اور ونڈوز 7 سے کچھ حد تک مشابہت موجود ہے۔ اسے سمجھنے میں آپ کو دقت نہیں ہوگی۔


[تصویر: 5.2- منیو]

منیو کھولنے پر بائیں جانب پٹی پر چند پروگراموں کے روابط چسپاں ہوتے ہیں۔ انھیں پسندیدہ (فیورٹ) پروگرام کہہ لیں یا ایسے پروگرام جن کے استعمال کی زیادہ ضرورت پڑتی ہے۔ ان میں مزید پروگرام بھی شامل کیے جاسکتے ہیں اور غیر ضروری کو حذف بھی کیا جاسکتا ہے۔ (اس کا طریقہ آگے آئے گا۔)
کمپیوٹر میں نصب شدہ تمام پروگرام منیو میں طے شدہ زمروں میں موجود ہوتے ہیں۔ مثلاً ویب براؤزر، ای میل کلائنٹ، چیٹنگ کلائنٹ وغیرہ ’انٹرنیٹ‘ کے منیو میں ہوں گے، آڈیو اور ویڈیو پلیئر ’ساؤنڈ اینڈ ویڈیو‘ کے منیو میں ہوں گے۔
پسندیدہ پٹی میں سب سے پہلے براؤزر کا شورٹ کٹ ہے۔ اس سے نیچے سوفٹ ویئر منیجر ہے۔


[تصویر: 5.3- سوفٹ ویئر منیجر]

سوفٹ ویئر منیجر سے بذریعہ انٹرنیٹ آپ مختلف سوفٹ ویئر تلاش کرکے نصب کرسکتے ہیں اور نصب شدہ سوفٹ ویئر حذف کرسکتے ہیں۔

6۔ سسٹم ترتیبات

منیو میں تیسرے درجے پر ’سسٹم سیٹنگز‘ (System Settings) کا ربط ہے۔ اسے کھولنے پر ایک دریچہ ظاہر ہوگا۔


[تصویر: 6.1- سسٹم سیٹنگز]

یہ ونڈوز کے کنٹرول پینل کی طرح ہے۔ اسکرین کا پس منظر، انداز، فونٹ، تھیم، تاریخ اور وقت، اکاؤنٹ تفصیلات، زبان، کیبورڈ اور دیگر ترتیبات یہاں سے طے کی جاسکتی ہیں۔
ڈیسک ٹاپ کے نچلی دائیں جانب ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کی طرح وقت اور دوسری اطلاعات ظاہر ہوتی ہیں۔ میں نے لینکس منٹ کی تنصیب کے دوران اپنا مقام کراچی منتخب کیا تھا، شاید یہی وجہ ہے کہ میرے پاس اوقات اُردو میں ظاہر ہو رہے ہیں یعنی ’PM‘ کی جگہ ’ش‘ (شام) لکھا آ رہا ہے۔


[تصویر: 6.2- وقت کی ترتیبات]

اسے تبدیل کرنے کے لیے سسٹم سیٹنگز میں سے لینگویجز (Languages/ زبانوں) پر کلک کریں گے تو لینگویج سپورٹ کے عنوان سے ایک چھوٹا دریچہ کھلے گا جس کے دو ٹیب (لینگویج اور ریجنل فورمیٹس) ہوں گے۔ ریجنل فورمیٹس میں سب سے اوپر اعداد، تاریخ اور کرنسی دکھانے کے لیے زبان کے انتخاب کی سہولت ہوگی۔


[تصویر: 6.3- وقت، اعداد اور کرنسی کے لیے زبان طے کرنا]

آپ اس میں سے اپنی مرضی کی زبان منتخب کرسکتے ہیں۔ میں نے انگلش یونائٹڈ اسٹیٹس منتخب کی۔ زبان طے کرنے کے بعد اسے بند کردیں۔ لیکن آپ کو فوراً تبدیلی نظر نہیں آئے گی۔ اس کے لیے آپ کو کم از کم Logout (لاگ آؤٹ) کرنا ہوگا یا اگر آپ بعد میں سسٹم ری اسٹارٹ کرتے ہیں تو آپ کو یہ تبدیل شدہ نظر آئے گا۔


[تصویر: 6.4 – اعداد کی زبان تبدیل شدہ]

اکاؤنٹ ترتیبات

لینکس منٹ ڈیسک ٹاپ کے نچلے دائیں کنارے پر جہاں وقت اور دیگر اطلاعات ظاہر ہوتی ہیں، وہاں ایک چہرہ بھی بنا ہوتا ہے۔ اس پر کلک کرنے سے ایک منیو کھلتا ہے جو آپ کے کھاتے (اکاؤنٹ) کے بارے میں ہوتا ہے۔


[تصویر: 6.5 – کھاتہ منیو]

منیو میں سے کھاتہ تفصیلات (Accoutn Details) پر کلک کرنے سے ایک کھاتے کی ترتیبات کا ایک دریچہ ظاہر ہوگا۔


[تصویر: 6.6 – کھاتے کی ترتیبات]

یہاں آپ اپنے کھاتے کا نام، پاسورڈ اور تصویر / اوتار تبدیل کرسکتے ہیں۔


[تصویر: 6.7 – کھاتے کا اوتار]

نظام کی تازہ کاری

لینکس کی تازہ کاریاں (اپڈیٹس) باقاعدگی سے فراہم کی جاتی ہیں۔ اگر آپ کے پاس مناسب انٹرنیٹ کنکشن ہے تو اپڈیٹس کرتے رہنا کارآمد ہے۔ ان میں لینکس آپریٹنگ سسٹم کی تازہ کاریاں بھی شامل ہوتی ہیں اور آپ کے پاس نصب شدہ اطلاقیوں کی بھی۔ نئی تازہ کاریاں موجود ہونے پر لینکس ڈیسک ٹاپ کے نچلے دائیں جانب آپ کو ایک استعجابیہ علامت (!) دکھائی دے گی۔ جب آپ اس پر اپنا ماؤس کا تیر لے کر جائیں گے تو ظاہر ہوگا کہ کتنی تازہ کاریاں موجود ہیں اور اُن کا حجم کتنا ہے۔


[تصویر: 6.8 – لینکس کی تازہ کاریاں]

عموماً لینکس کی تنصیب کے فوری بعد آپ کے پاس اچھی خاصی تازہ کاریاں موجود ہوتی ہیں کیوں کہ آپ کے پاس موجودہ نسخے کے جاری ہونے کے بعد کافی تبدیلیاں آچکی ہوتی ہیں۔ بہتر ہے کہ اپنا نسخہ فوراً تازہ کرلیجیے۔ تازہ کاریوں کے آئکن پر کلک کرنے کے بعد آپ سے پہلے پاس ورڈ پوچھا جائے گا۔ وہ فراہم کرنے پر تازہ کاریوں کا دریچہ کھلے گا۔


[تصویر: 6.9 – لینکس منٹ کی تازہ کاریاں]

اس دریچے میں اُن تمام اطلاقیوں کی فہرست ہوگی جن کی تازہ کاری دستیاب ہوگی۔ آپ چاہیں تو ان پر ماؤس کے دائیں کلک سے غیر منتخب بھی کرسکتے ہیں۔ ورنہ دریچے میں موجود انسٹال اپڈیٹس کے بٹن پر کلک کریں۔ لینکس کا نسخہ تازہ ہونے لگے گا۔


[تصویر: 6.10 – لینکس نسخہ تازہ ہوتے ہوئے]

جب آپ کا نسخہ اور تمام اطلاقیے بالکل تازہ (up to date) ہوں گے تو ٹاسک بار میں سبز رنگ سے درست (tick) کا نشان نظر آئے گا۔


[تصویر: 6.11 – لینکس کا نسخہ تازہ ترین]

ان شاء اللہ اگلی قسط میں ہم لینکس منٹ میں اُردو لکھنے پڑھنے کی سہولت کے حوالے سے بات کریں گے۔

Comments

  1. اچھی معلوماتی تحریر ، لنکس منٹ ایک لائٹ ویٹ اور مستعد سسٹم ھے

    ReplyDelete

Post a Comment