LinuxMint16 Petra - Part 2

دوسری قسط: تیاری

1۔ ڈاؤن لوڈ

سب سے پہلے لینکس منٹ کی ویب سائٹ سے لینکس منٹ 16 کا امیج ڈاؤن لوڈ کرلیں۔  لینکس منٹ سنامون کے علاوہ میٹ، کے ڈی ای اور ایل ایکس ڈی ای ڈیسک ٹاپ ماحول کے ساتھ بھی فراہم کی جاتی ہے۔ ڈیسک ٹاپ ماحول سے مراد گرافیکل انٹرفیس ہے جو آپ کو کسی بھی آپریٹنگ سسٹم کا نظر آتا ہے۔ میں سنامون ڈیسک ٹاپ کو ترجیح دیتا ہوں کیوں کہ یہ ایک عام ونڈوز صارف کے لیے کافی جانا پہچانا ماحول فراہم کرتا ہے۔ ونڈوز کے اسٹارٹ منیو کی طرح اس کا بھی منیو ہے اور باقی رنگ ڈھنگ بھی ونڈوز ایکس پی سے ملتے جلتے ہیں۔

2۔ بوٹ ایبل ڈرائیو تیار کرنا

امیج ڈاؤن لوڈ کرلینے کے بعد اسے کسی ڈی وی ڈی پر رائٹ/ برن کرلیں۔ اگر آپ کے پاس اس کی سہولت نہیں تو آپ دو جی بی کی فلیش ڈرائیو کو بھی بوٹ ایبل لینکس منٹ سے مزین کرسکتے ہیں۔ اس کے لیے آپ پہلے پین ڈرائیو لینکس کا چھوٹا اور سادہ سا سوفٹ ویئر یونیورسل یو ایس بھی انسٹالر ڈاؤن لوڈ کرلیں۔ اسے انسٹال کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

[تصویر: 2.1 – یونیورسل یو ایس بی انسٹالر]

فلیش ڈرائیو کمپیوٹر سے منسلک کرنے کے بعد سوفٹ ویئر چلائیں۔ آپ کے سامنے لائسنس ظاہر ہوگا۔
[تصویر: 2.2 - لائسنس]

Agree کرنے کے بعد آگے بڑھیں۔ اگلا دریچہ اہم ہے۔
[تصویر: 2.3 –سیٹ اپ]

پہلے مرحلے میں آپ ڈروپ ڈاؤن منیو کھولیں گے تو اُس میں کئی لینکس نسخوں کی فہرست ہوگی۔ آپ اپنا مطلوبہ یعنی لینکس منٹ منتخب کرلیں۔
[تصویر: 2.4 – لینکس کا انتخاب]

دوسرے مرحلے میں آپ نے بتانا ہے کہ مطلوبہ لینکس ڈاؤن لوڈ کرنی ہے یا آپ کرچکے ہیں۔ اگر ڈاؤن لوڈ موجود ہے تو براؤز (Browse) کرکے آئی ایس او امیج فائل منتخب کریں۔
[تصویر: 2.5 – لینکس آئی ایس او امیج کی نشان دہی]

تیسرے مرحلے میں آپ نے اپنی فلیش ڈرائیو یو ایس بی کا انتخاب کرنا ہے۔
[تصویر: 2.6 – یو ایس بی فلیش ڈرائیو کا انتخاب]

چوتھا مرحلہ اگرچہ ضروری نہیں تاہم معلومات کے لیے بتاتا چلوں کہ لینکس چوں کہ آپ کی فلیش ڈرائیو سے انسٹال کیے بغیر براہِ راست بھی چلائی جاسکتی ہے لہٰذا وہ آپ کو سہولت دیتی ہے کہ آپ اپنی فائلیں/ دستاویزات وغیرہ بھی اُسی میں محفوظ کرسکیں۔ نیز آپ کی ترتیبات (سیٹنگز) وغیرہ بھی یو ایس بی ہی میں محفوظ رہیں گی اور اگلی بار آپ جب کبھی یو ایس بی سے لینکس چلائیں گے تو آپ کو از سرِ نو ترتیبات مرتب نہیں کرنی پڑیں گی۔ چوتھے مرحلے میں آپ سے یہی پوچھا جارہا ہے کہ آپ ان تبدیلیوں کو محفوظ رکھنے کے لیے کتنی جگہ مختص کرنا چاہتے ہیں۔ میں نے ایک جی بی رکھی ہے لیکن اگر آپ کا ارادہ یو ایس بی سے براہِ راست استعمال کرنے کی بجائے لینکس نصب کرنے کا ہے تو آپ صفر بھی رکھ سکتے ہیں۔ Create پر کلک کرنے سے آپ کی فلیش ڈرائیو کو لینکس سے مزین کرنے کا عمل شروع ہوجائے گا۔
[تصویر: 2.7 – لینکس لائیو یو ایس بی کی تخلیق]

چند ہی منٹ میں آپ کی فلیش ڈرائیو لینکس سے لیس ہوگی۔

3۔ لائیو لینکس چلانا

لینکس منٹ پر مشتمل فلیش ڈرائیو یا ڈی وی ڈی تیار کرلینے کے بعد کمپیوٹر ری اسٹارٹ کریں۔ کمپیوٹر اسٹارٹ ہو تو اپنی مطلوبہ ڈرائیو سے بوٹ کروائیں۔ آپ کے سامنے لینکس منٹ کی تعارفی اسکرین آجائے گی۔ لینکس منٹ لائیو کو منتخب کریں۔ تھوڑی ہی دیر میں لینکس منٹ استعمال کے لیے تیار ہوگی۔
[تصویر:3.1- لینکس منٹ 16 لائیو]

آپ اس حالت میں بھی تنصیب سے پہلے اچھی طرح ٹھوک بجا کر دیکھ سکتے ہیں کہ آپ کو لینکس منٹ کس حد تک سمجھ آ رہی ہے۔ لینکس کے بیشتر ذائقے آپ کو تنصیب کے بغیر براہِ راست میڈیا ڈرائیو سے لینکس چلانے اور اُس پر کام کرنے کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔ آپ کے سامنے موجود ڈیسک ٹاپ ہی پر انسٹال لینکس منٹ کا آئکن موجود ہوگا۔ جب آپ تیار ہوں تو اس پر دوبار کلک کرکے تنصیب کا عمل شروع کرلیں۔

Comments

  1. یار، لائسنس والا دریچہ بھی تو اہم ہوتا ہے۔ :)
    ویسے لوگوں کو اس کا گنو جنرل پبلک لائسنس پڑھنا چاہیے تاکہ انہیں اندازہ ہو کہ دنیا میں ایسے بھی لوگ ہوتے ہیں جو اپنا سافٹ وئیر بغیر کسی رازداری یا پابندی کے آپ کو دے دیتے ہیں تاکہ آپ بھی اسے ایک مشعل کی طرح آگے بڑھاتے رہیں۔

    ReplyDelete
  2. ہاں، لیکن ہم اُردو دان طبقے کے لیے اس کا آسان ترجمہ جب تک دستیاب نہیں ہوگا، تب تک اس کے پڑھنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ویسے اُردو میں دستیاب ہو، تب بھی کم ہی امکانات ہیں :P ہم لوگوں کو تو فوراً فوراً نیکسٹ کرنے کی عادت ہے۔ چاہے سوفٹ ویئر ساتھ میں کوئی الٹی سیدھی چیز بھی انسٹال کردے۔

    ReplyDelete
  3. sir me chahta hu k jub laptop on karo to wo mujhe 2 options de k linuxmint start karne hai ya windows so plz tell me k is problem ko kese handle karu??

    ReplyDelete

Post a Comment