ٹی وی سیریز (خصوصاً امریکی) جب وقفے (مثلاً کرسمس بریک) پر جاتی ہیں تو اپنے ناظرین کو ایسے موڑ پر چھوڑ جاتی ہیں کہ ان کا تجسس اپنے عروج پر پہنچ جائے اور وہ اس کی واپسی کے منتظر رہیں۔
لیکن، ایلزبتھ کین اور ریمنڈ ’ریڈ‘ ریڈنگٹن کے ’دی بلیک لسٹ‘ کی بات کیجیے تو اس بار وقفے پر جانے سے پہلے وہ ایسا کوئی موڑ دے کر نہیں گیا ہے۔ این بی سی سے نشر ہونے والے ڈرامے ’’دی بلیک لسٹ‘‘ کے چوتھے سیزن کی آٹھویں قسط 10 نومبر 2016ء کو نشر کی گئی اور اب 5 جنوری 2017ء کو اس کی واپسی ہوگی۔
سیزن کے آغاز سے قبل ایلزبتھ کین کے حوالے سے جو ٹیگ لائن دی گئی تھی کہ ’’تمھارا باپ کون ہے؟‘‘ (Who is your daddy)، بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ اس کا جواب مل چکا ہے۔ مرکزی کردار، ایلزبتھ کین کا باپ ہونے کا دعویٰ کرنے والے الیگزینڈر کرک کی حقیقت سامنے آچکی ہے کہ وہ کسی غلط فہمی میں مبتلا تھا۔ اسی غلط فہمی کے نتیجے میں اس نے ایلزبتھ کو اغوا کرنے اور خود اس کا باپ ہونے کا یقین دلانے کی کوشش کی۔ لیکن اسے اس غلط فہمی میں مبتلا کس نے کیا تھا؟ کیا خود اسی کی بیوی کیترینا رستووا نے؟ کیونکہ جب کرک نے ریڈ کو ڈی این اے رپورٹ کا حوالہ دیا تو ریڈ کا جواب تھا کہ تم نے اسی پر یقین کیا جو کیترینا روستووا چاہتی تھی۔
اور سب سے اہم سوال یہ کہ کیا ریڈ ہی ایلزبتھ کین کا باپ ہے، جیساکہ ہمیں وقتاً فوقتاً اشارے دیے جاتے رہے ہیں، تو کرک کے سوال پر ریڈ نے اعتراف کیا کہ ہاں، وہی اس کا باپ ہے۔ لیکن اگر ڈراما نگاروں کی خواہش ہو تو وہ اب بھی اس جواب کی دوسری تاویل نکال سکتے ہیں۔ جب ریڈ نے ایلزبتھ کا باپ ہونے کا اعتراف کیا تو وہ حالات ایسے تھے کہ یہ جواب مجبوراً بھی تصور کیا جاتا ہے۔ حتیٰ کہ ریڈ نے اس سے قبل کرک سے یہ بھی کہا کہ ’’کیا میں وہی کہوں جو تم سننا چاہتے ہو؟‘‘ گویا، چونکہ کرک اپنے شبہات کی من مانی تصدیق چاہتا تھا تو ریڈ نے وہی جواب دیا۔
تو کرسمس بریک سے واپسی پر یہ ڈراما کس رخ پر جائے گا، یہ کہنا خاصا مشکل ہے۔
اس سیزن کے شروع ہونے کے بعد سے ناظرین کی تعداد مسلسل گھٹنے کے باعث اس سیریز پر منسوخی کا خطرہ بھی منڈلانے لگا ہے۔ تخلیق کار ایک اسپن آف سیریز یعنی اسی سیریز سے اخذ کردہ کہانی پر ایک نئی سیریز ’’ریڈمپشن‘‘ (نجات) بنانے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں تاکہ ایک بار پھر ناظرین کی بڑی تعداد کو متوجہ کیا جاسکے۔ اس نئی سیریز میں ٹام کین اور اس کی ’’مبینہ‘‘ ماں اسکاٹی ہارگریو کی کہانی کو بنیاد بنایا جائے گا۔
’’مبینہ‘‘ کہنے کی وجہ یہ ہے کہ ابھی تک ہم نے صرف ریڈنگٹن ہی کی زبانی سنا ہے کہ وہ ٹام کی ماں ہے۔ ان دونوں کا سامنا تب ہوا تھا جب اسکاٹی کی ٹیم ایلزبتھ کو چھڑانے کی کوششوں میں مدد کر رہی تھی۔ لیکن کیا اسپن آف سیریز میں بھی ٹام کو اپنی حقیقی ماں کی پہچان کرنے کے لیے اتنی ہی مشکلات اٹھانی پڑیں گی جتنی ایلزبتھ کو اپنے حقیقی باپ کی تلاش کے لیے اٹھانی پڑیں؟
امید کرتے ہیں کہ تخلیق کار اور کہانی نگار ہماری دلچسپی سیریز میں برقرار رکھنے اور توقعات پر پورا اترنے میں کامیاب ہوسکیں۔
a blog about US TV series, The Blacklist - season 4 is on christmas break and will be back in January 2017. But do we have any question still unanswered?
Comments
Post a Comment