انسٹال لینکس منٹ کے آئکن پر کلک کرنے سے آپ کے سامنے ظاہر ہونے والا پہلا دریچہ آپ کو زبان کے انتخاب کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ لینکس منٹ کئی زبانوں میں تنصیب اور استعمال کے لیے دستیاب ہے۔
زبان منتخب کرنے کے بعد Continue پر کلک کریں گے تو اگلا دریچہ مطلوبہ ضروریات سے آگاہ کرے گا کہ بہتر نتائج کے لیے آپ کے پاس کم از کم 7.4 جی بی ہارڈ ڈسک خالی موجود ہو اور آپ کا کمپیوٹر انٹرنیٹ سے کنیکٹ ہو۔
انٹرنیٹ کنکشن اس لیے ضروری ہے کہ تنصیب کے بعد تازہ کاریاں (اپڈیٹس) نصب ہوسکیں۔ لیکن اگر انٹرنیٹ موجود نہ ہو تو بھی لینکس کی تنصیب پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
تیسرا دریچہ تنصیب کی قسم کے بارے میں ہے۔
چوں کہ میرے کمپیوٹر میں ونڈوز7 پہلے سے نصب ہے تو یہاں مجھ سے پوچھا جارہا ہے کہ کیا میں لینکس منٹ کو ونڈوز7 کے ساتھ نصب کرنا چاہتا ہوں یا ونڈوز کی بجائے اس کی تنصیب چاہتا ہوں یا پھر کچھ اور۔ اگر آپ اپنے کمپیوٹر میں واحد آپریٹنگ سسٹم لینکس منٹ چاہتے ہیں تو دوسرا آپشن (Replace Windows7 with Linux Mint) منتخب کریں، ورنہ میری طرح پہلا آپشن (Install Linux Mint alongside Windows 7) منتخب کرکے آگے بڑھ جائیں۔
اگلا دریچہ آپ سے ڈرائیو اور لینکس کے لیے مختص جگہ کے بارے میں پوچھے گا۔ یقین جانیے، یہ سب سے اہم اور خطرناک مرحلہ ہے۔ اس مرحلے پر کسی بھی جلد بازی کے نتیجے میں آپ اپنے تمام ڈیٹا سے ہاتھ بھی دھوسکتے ہیں۔
یہاں آپ ایڈوانسڈ پارٹیشننگ ٹول (advanced partitioning tool) منتخب کریں تاکہ بآسانی ہارڈ ڈرائیو پارٹیشن کا انتخاب ہوسکے۔ اگلا دریچہ آپ کو ہارڈ ڈسک کے تمام پارٹیشن دکھائے گا۔
اب سوال یہ ہے کہ اس میں سے آپ یہ کیسے پہچانیں گے کہ آپ کا مطلوبہ پارٹیشن کون سا ہے۔ کیوں کہ یہاں تو تمام پارٹیشنز sda1 اور sda2 اور اسی ترتیب سے ظاہر ہوتے ہیں۔ میں احتیاطاً یہ کام کرتا ہوں کہ جب ونڈوز میں رہتے ہوئے لینکس کے لیے پارٹیشن بناتا ہوں تو اپنے دوسرے پارٹیشن کے برعکس انھیں fat32 میں فورمیٹ کرتا ہوں، جب کہ باقی پارٹیشنز NTFS میں ہوتے ہیں۔ یوں میں انھیں بآسانی پہچان لیتا ہوں۔ یہاں میرے پاس جو پارٹیشنز ظاہر ہو رہے ہیں، ان میں sda5 میں نے سویپ کے لیے تیار کیا ہے جو تقریباً دس جی بی ہے؛ اور sda6 لینکس تنصیب کے لیے رکھا ہے جو چالیس جی بی کے قریب ہے۔ اب ہم پہلے سویپ پارٹیشن منتخب کرلیتے ہیں۔
مطلوبہ پارٹیشن پر کلک کریں اور نیچے Change کا بٹن دبائیں۔ ایک چھوٹا سا دریچہ نمودار ہوگا۔ وہاں Use as والے ڈروپ ڈاؤن منیو میں جائیں اور Swap area منتخب کریں۔
اوکے کرنے سے ایک اطلاع ظاہر ہوگی کہ اس ڈسک/ پارٹیشن پر موجود تمام تبدیلیاں ختم ہوجائیں گی۔ Continue کرکے آگے بڑھیں۔ پھر لینکس کی تنصیب والا پارٹیشن منتخب کریں اور اسی طرح Change کا بٹن دبائیں۔
اب Use as میں Ext4 journaling file system منتخب کریں جو لینکس کا پارٹیشن فورمیٹ ہے۔ اگر آپ کا پارٹیشن پہلے سے فورمیٹ نہیں ہے تو format the partition پر چیک لگادیں۔ ساتھ ہی نیچے ماؤنٹ پوائنٹ کے منیو میں سے ’/‘ منتخب کرلیں۔
اب اوکے کرکے مرکزی دریچے پر جائیں۔ ہمارا تمام اہم کام مکمل ہوچکا ہے۔
اب Install Now پر کلک کریں۔ اگلا دریچہ آپ کے مقام کے بارے میں دریافت کرے گا۔
مقام منتخب کرکے آگے بڑھیں تو کی بورڈ لے آؤٹ منتخب کرنے کا دریچہ سامنے آئے گا۔
فی الحال ڈیفالٹ انگریزی کی بورڈ لے آؤٹ منتخب کرکے آگے بڑھ جائیں کیوں کہ ہم لینکس کی تنصیب مکمل ہونے کے بعد اُردو انسٹالر کے ذریعے اُردو کی بورڈ اور فونٹس نصب کریں گے۔
اگلا دریچہ آپ کے بارے میں مختصر معلومات دریافت کرتا ہے۔
یہاں آپ اپنا نام، اپنے کمپیوٹر کا نام، صارف نام (یوزر نیم) اور پاس ورڈ منتخب کریں۔ یہ آخری مرحلہ ہے۔ Continue کرنے کے بعد لینکس منٹ کی تنصیب شروع ہوجائے گی۔
تنصیب مکمل ہونے کے بعد آپ سے پوچھا جائے گا کہ لینکس منٹ کی مزید آزمائش کرنا چاہتے ہیں یا کمپیوٹر ری اسٹارٹ کردیا جائے؟
چوں کہ تنصیب مکمل ہوچکی ہے، اس لیے اب ایسی آزمائش کا کیا فائدہ، ری اسٹارٹ کرلیں۔
مبارک ہو! لینکس منٹ کی تنصیب کا مرحلہ مکمل ہوا۔
ما شاء اللہ! کافی محنت کی ہے۔
ReplyDeleteآئیندہ کچھ دنوں میں میں بہت سے لوگوں کو یہاں بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔ :)