اردو بلاگنگ سے اردو بلاگرز کانفرنس تک

میں نے 2007ء میں "اردو ہوم" نامی ویب سائٹ پر اردو بلاگنگ کا آغاز کیا تھا۔ بعد ازاں جب "اردو ٹیک" نے جنم لیا تو میں نے اپنا بلاگ وہاں منتقل کرلیا۔ اُن دنوں میں "راہبر" کے نام سے بلاگ لکھا کرتا تھا۔ گردشِ دوراں نے وہ دن دکھایا کہ نہ اردو ہوم رہا نہ اردو ٹیک۔ وہ تو شکر خدا کا کہ دونوں پر انا للہ وانا الیہ راجعون پڑھی جانے سے قبل میں بلاگ اپنی ذاتی ڈومین پر منتقل کرچکا تھا لیکن بہ ہر حال، بہت لوگوں کا خانہ خراب ہوا۔ میں نے بھی جب اپنی ڈومین پر بلاگ منتقل کیا تو پرانے بلاگ کی ڈیٹابیس میں کسی خرابی کے باعث پرانی تحاریر ایکسپورٹ نہیں کرسکا۔ نتیجتاً وہ ضایع ہوگئیں اور اُنھیں پچھلے کچھ دنوں سے آرکائیوز سے کھنگال کر یہاں الگ صفحے پر شایع کررہا ہوں۔
اردو ہوم پر جب تک رہا تو بس بلاگنگ ٹولز ہی سے شناسائی حاصل کرتا رہا لیکن جب اردو ٹیک معرضِ وجود میں آیا تو اردو بلاگنگ کے حوالے سے کافی کاموں میں شرکت کے مواقع بھی میسر آئے اور ترغیب دینے والے ساتھی مثلاً +Mohib Alvi ، +عمران حمید  (بدتمیز)، +Qadeer Ahmad Janjua اور +Sajid Iqbal  جیسے لوگ بھی ملے۔ اردو ٹیک کے ساتھیوں کے ساتھ گزرنے والا وقت اور اردو ٹیک پر بلاگنگ کا دور بلاشبہ یادگار تھا۔ اس وقت گنتی کے چند اردو بلاگرز مسلسل اور باقاعدگی سے لکھتے تھے اور سب کی ایک دوسرے کے ساتھ اگر گاڑھی نہیں چھنتی تھی تو بھی اچھی سلام دعا تھی :)
اردو ٹیک پر میں نے ورڈپریس اور اُس کے سانچوں (تھیمز) کو اردو میں ڈھالنا سیکھا اور سکھایا۔ اس وقت ہر کچھ عرصے بعد بلاگ کو ایک نئی پوشاک اوڑھائی جاتی تھی۔ ہلکی پھلکی تحاریر ہوتی تھیں۔
پھر اردو بلاگنگ کا بھاری بھرکم دور آیا۔ اس دور میں +Fahad Kehar ، +DuFFeR Dee ، +Jafar Hussain ، +Aniqa naz، +M Bilal M  جیسے بلاگرز سامنے آئے۔ منظرنامہ ابھرا اور ڈوب گیا، کرک نامہ نے مقبولیت پائی۔ یہ وہ وقت تھا جب کئی ذرائعِ ابلاغ نے اپنی ویب سائٹس پر اردو بلاگز کو جگہ دی اور اردو بلاگنگ کی دنیا میں علمی رنگ اور پختگی کے آثار واضح ہوئے۔
وہ بھی کیا سہانا دن تھا جب 6 دسمبر 2008ء کو اردو بلاگرز کے ایک تین رکنی وفد نے کراچی بلاگرز کی نشست میں شرکت کی جس میں میرے علاوہ +Shoiab Safdar  اور +Fahim Aslam  شامل تھے۔ دوسرے بلاگرز کے ساتھ ملنے کا یہ پہلا اتفاق تھا اور وہ بھی ایسا کہ ہم تین کے علاوہ باقی سب نہ صرف یہ کہ انگریزی بلاگرز تھے بلکہ اکا دکا کے علاوہ کسی کو اردو بلاگنگ کے بارے میں شدبد بھی نہیں تھی۔ اُس وقت میں نے موقع ملنے پر اردو بلاگنگ کا مختصر سا تعارف پیش کیا تو میں اس وقت اپنے خوش گوار احساسات اور جذبات کو ابھی بھی محسوس کرسکتا ہوں۔
پھر ہم نے قومی بلاگرز کانفرنس میں شرکت کی جو اپریل 2009ء میں منعقد ہوئی۔ اس کانفرنس میں شرکت کے لیے ہم نے پہلے سے تیاری کی تھی اور شرکا کو اردو بلاگنگ کی اہمیت سے روشناس کروانے کے لیے +Noumaan Yaqoob، اپنے وکیل صاحب +Shoiab Safdar  اور +Fahad Kehar  کے ساتھ مل کر ایک پریزنٹیشن تیار کی گئی تھی جسے میں نے پیش کیا اور جیسے پیش کیا، اُس کا حال نہ پوچھے۔
بعدازاں جون 2011ء میں پاکستان کے پہلے عالمی سوشل میڈیا سمٹ میں بھی چند اردو بلاگرز کے ساتھ شرکت کی لیکن پہلے سے تیاری اور منصوبہ نہ ہونے کے باعث ہم اس پروگرام میں اردو بلاگنگ کے حوالے سے کوئی کام پیش نہ کرسکے۔ ان کے ساتھ ساتھ پاکستان بلاگ ایوارڈز میں بھی شرکت رہی۔
سچ کہوں تو ایسے ہر پروگرام میں شرکت کے دوران یہ سوال ضرور کلبلاتا تھا کہ کیا کبھی اردو بلاگرز بھی ایسی کسی تقریب کا انعقاد کرسکیں گے۔ ہر بار اس نوعیت کے سوال ہم آپس میں ایک دوسرے سے بھی کرتے تھے اور پھر ایک دوسرے کو تسلیاں دیتے تھے۔ اردو بلاگرز کی عید ملن اور چھوٹی موٹی ملاقاتیں تو خیر کافی رہیں، لیکن ایک بڑی تقریب کی تشنگی برقرار رہی۔
اب یہ نوید ملی ہے کہ اردو بلاگرز فورم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کے تحت پہلی دو روزہ بین الاقوامی اردو بلاگرز کانفرنس 26، 27 جنوری 2013ء کو انجام پذیر ہونے والی ہے۔ اندازہ کیجیے، ایک تو اردو بلاگرز کا پہلا پروگرام، وہ بھی دو روزہ اور بین الاقوامی :) لہٰذا اگر آپ بھی اردو بلاگر ہیں اور اب تک اس اعلان سے ناواقف ہیں تو حضرت! ہوش میں آئیے اور بوریا بستر باندھ لیجیے :) دعاگو ہوں کہ اردو بلاگرز کی یہ پہلی تقریب کام یابی و کام رانی سے ہم کنار ہو۔ آمین۔


Comments

  1. یار وہ منظر نامے سے ھمارے اواڈوں کی تصویریں کہاں گئیں؟

    ReplyDelete
    Replies
    1. لوکاں کو لوکاں نال۔۔۔ بڈھی کو املوکاں نال۔ :ڈ

      Delete
    2. وہ پتا نہیں کہاں ہوسٹ تھے۔ جب ہجرت فرمائی تو ساری تصاویر اڑن چھو ہوگئیں۔ اگر ایوارڈ یافتہ احباب کے پاس وہ تصاویر موجود ہوں تو ارسال فرمادیں۔ دوبارہ اپلوڈ کردی جائیں گی :)

      Delete
  2. بوریا بستر تو باندھا ہے، اب دیکھتے ہیں کہ بلاوا آتا ہے کہ نہیں۔

    اللہ رحم و عافیت کا معاملہ کرئے

    ReplyDelete
  3. ابھی بھی کانفرنس ہو رہی ہے؟
    بندے خاصے حوصلہ مند لگتے ہیں :)

    ReplyDelete

Post a Comment